اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی کی جانب سے فواد چودھری کو تفتیش میں شامل کرنے کی اجازت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت سول جج یاسر محمود نے کی، عدالت نے اینٹی کرپشن راولپنڈی کو فواد چودھری سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دیدی، تفتیشی افسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا گیا فواد چودھری کو اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ نمبر 23/23 میں باضابطہ طور نامزد کیا گیا ہے، ملزم فواد چودھری تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا تھا اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم کو فواد چودھری سے باضابطہ تفتیش کی اجازت دی جائے۔