پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم نے ملکر کراچی کو کھایا، بلدیاتی نمائندوں کا حق مارا: حافظ نعیم الرحمان

Published On 06 December,2023 05:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے ملکر کراچی کو کھایا، بلدیاتی نمائندوں کا حق مارا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 20 سال پہلے اس پارک کا افتتاح کیا گیا تھا، ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی نے تعمیر و ترقی کا سفرشروع کیا ہے، ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جہاں سے ہم منتخب ہوئے ہیں وہاں وسائل سے زیادہ کام کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر قائد کے حق پر لوگ قبضہ کرکے بیٹھے ہیں، یہ لوگ اپنی مرضی سے نظام چلانا چاہتے ہیں ہمیں یہ قبول نہیں، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ حکومت کی صرف الیکشن کے دو ماہ الگ ہوتے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت پندرہ سال سے حکومت میں ہے، پیپلزپارٹی نے بلدیاتی نمائندوں کواختیارات نہیں دیئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آصف زرداری، بلاول نے جمہوریت کی نفی کی ہے، ہم کراچی کو اس کا حق دلوائیں گے، رجیم چینج کے موقع پر ایم کیو ایم قیمت لگا کر بک گئی تھی، پورے عمل میں ایم کیو ایم شریک رہی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایم کیوایم، پیپلزپارٹی نے صوبے میں پی ایف سی ایوارڈ نہیں ہونے دیا، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے بلدیاتی نمائندوں کا ہمیشہ حق مارا ہے۔