لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیخلاف درخواستوں پر فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف نبیل احمد جاوید کاہلوں کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کی جانب سے جواب جمع کروا دیا گیا جبکہ دیگر فریقین نے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کر لی۔
بعدازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو جواب جمع کروانے کی مہلت دے کر سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نگران حکومت کو روز مرہ امور چلانے کا اختیار ہے، نگران حکومت پالیسی معاملات پر فیصلے نہیں کر سکتی۔
نگران حکومت نے قومی ادارے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نگران حکومت نے اقدامات بھی کر لئے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں، قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اصلاح کی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روکنے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ پی آئی اے کی نجکاری کے اقدامات کالعدم قرار دے۔