کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ گمراہ عناصر سمجھ چکے بندوق اٹھانا مسائل کا حل نہیں ہے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ بندوق کی نالی پر ریاست کو پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا، دہشت گردوں کے اپنے ساتھی ان کو چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سیاسی پلیٹ فارم دینا سہولت کاری ہے، پاکستان غیر قانونی تارکین وطن کا گڑھ بن چکا تھا، غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیج کر ریاست نے دانشمندانہ فیصلہ کیا۔
جان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے 5 لاکھ کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجا جا چکا ہے، جنوری تک یہ تعداد ایک ملین ہوجائے گی۔