پشاور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آئندہ حکومت لاڈلے اور سپر لاڈلے کی نہیں ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبہ بھر کے ہر ضلع سے باصلاحیت نوجوان یہاں موجود ہیں، نوجوان ترقی، ملک کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، وہ نوجوان یہاں موجود ہیں جو کرپشن، جہالت، غربت اور سفارشی کلچر کے خلاف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار ہونا ہوگا: سراج الحق
سراج الحق نے کہا کہ حقیقی معنوں میں خوشحال، کلین اور گرین پاکستان کی جانب یہ کنونشن اہم قدم ہے، ہماری سوشل میڈیا جدوجہد کا مقصد نئی نسل کی رہنمائی ہے، ہماری اس جدوجہد کا مقصد لوگوں کے ہاتھوں میں امید کی شمع دینا ہے، میرا کارکن سوشل میڈیا کا استعمال کرے گا لیکن کسی کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا نہیں کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام پارٹیوں کے سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا وزٹ کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا صرف ایک پلیٹ فارم ہے جس میں جھوٹ اور پراپیگنڈا نہیں، آج سائنس و ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا دور ہے، پاکستان میں 19 کروڑ سے زائد لوگ موبائل کا استعمال کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دو خاندانوں نے 7 دفعہ حکومت کی، خود خوشحال، ملک کو بدحال کر دیا، سراج الحق
سراج الحق نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا کو اللہ کے دین کیلئے استعمال کریں گے، ہم کرپشن کے خلاف سوشل میڈیا کی طاقت کو استعمال کریں گے، آئندہ حکومت عوام کے ووٹ کی طاقت سے بنے گی، سوشل میڈیا کی طاقت سے ہی اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو مؤثر جواب دیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ سوشل میڈیا کی ہی طاقت ہے، 8 فروری تک سوشل میڈیا کی طاقت کو ملک کے روشن مستقبل کیلئے استعمال کرنا ہے۔