کرک: گیس سے بھرے پلاسٹک بیگز میں آگ لگنے سے 10 افراد جھلس گئے

Published On 10 December,2023 09:03 pm

کرک: (دنیا نیوز) گیس سے بھرے پلاسٹک بیگز میں آگ لگنے سے 10 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

افسوسناک واقعہ تحصیل بانڈہ کے علاقہ عیسک خماری میں پیش آیا جہاں پلاسٹک کے بڑے تھیلوں میں موجود قدرتی گیس میں آگ لگنے سے دھماکہ ہوگیا جس میں بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا۔

کے پی میں گھروں میں قدرتی گیس کی عدم فراہمی کے سبب لوگ سوئی ناردرن کی مین ڈسٹری بیوشن لائن میں سوراخوں سے وال لگا کر پلاسٹک کے تھیلوں میں گیس بھر کر گھر لے جاتے ہیں، چلتے پھرتے یہ بم بڑے حادثے کا سبب بن جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پہلے ہی خطرے کے پیش نظر پلاسٹک بیگز میں گیس بھروانے پر دفعہ 144 لگا کر پابندی عائد کررکھی ہے۔