مقبوضہ کشمیر بارے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر

Published On 12 December,2023 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بارے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے حریت قیادت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ ایکٹ پر کشمیر کا بچہ بچہ رسپانس کرے گا، بھارت نے ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو جیلوں میں قید کررکھا ہے۔

چودھری انوارالحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر پوری طرح زندہ ہے، بھارت مسلم اکثریتی علاقہ میں ہندو وزیراعلیٰ کو منتخب کرانا چاہتا ہے، بھارتی اقدامات کے جواب میں ہم ٹھوس لائحہ عمل تیار کریں گے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ شرکت کریں گے۔

حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم سب کے سامنے ہیں، کسی صورت بھارت کو قبول نہیں کریں گے، ہم اس تحریک کو مزید مضبوط کریں گے۔

حریت رہنما محمود ساغر نے کہا کہ بھارت نے ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے، ہم اس تحریک کو مزید مضبوط کریں گے، آنے والے دنوں میں مشترکہ مؤقف سامنےلائیں گے۔