مظفرآباد: ( دنیا نیوز رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر ، پاکستان کے عام انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر پاکستان کے عام انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، آزادجموں وکشمیر کے عوام نے میاں محمد نوازشریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا ہے، کارکنوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شاہ غلام قادر نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر وزراء کو ہدایت کریں کہ وہ مظفرآباد بیٹھیں، آزاد جموں وکشمیر میں پہلے سے بنائے گئے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے، وزیراعظم آزادکشمیر کو ڈویلپمنٹ کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ میٹنگ کرنی چاہیے، آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں تھرڈ پارٹی ایکٹ پاس کیا گیا لیکن این ٹی ایس کو ختم نہیں کیا گیا، مسلم لیگ ن کسی منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنے۔
صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن مضبوط ہے اور کارکن متحد ہیں اور مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق اپناکردار ادا کرتی رہے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ دنیا کشمیر اور فسطین کے معاملے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، دنیا کو دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا، فلسطین کے مسلمان جس دیدہ دلیری کیساتھ لڑ رہے ہیں انشاء اللہ وہی کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 6سال سے الیکشن نہیں کروائے جارہے ہیں، 2019ء کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں غیر ریاستیوں کو لا کر بسایا گیا اور انہیں وہاں کی شہریت دی گئی، بھارت نے اب ایل او سی کے ساتھ ریٹائرڈ فوجیوں کو بھی قبضہ دینا شروع کردیا ہے، ٹیٹوال میں شاردہ مندر بنایا گیا تاکہ لوگوں کو کنفیوژ کیاجاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے غیر قانونی جبری اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں وہ تنہا نہیں ہیں، پاکستان و آزاد جموں و کشمیر کا بچہ بچہ ان کیساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں پہلے سے بنائے گئے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے،پہلے سے تیار منصوبوں کو ادھورا نہ چھوڑا جائے انہیں ضائع نہ کیا جائے، اے سی ایس ڈویلپمنٹ موجود نہیں، کوئی مربوط پالیسی نہیں بنائی گئی کہ ڈویلپمنٹ فنڈز کہاں اور کیسے خرچ کریں گے، کوئی ٹھیکیدار عدالتوں میں چلے گئے ، ہمارے دور حکومت کے منصوبوں کیلئے زیرو فیصد فنڈز ہیں، حکومتیں دوسری حکومتوں کا تسلسل ہوتی ہیں، آئیسو لیشن میں حکومت نہیں ہوتی، اگر اس کو نہیں لے کر آگے جائیں گے تو ہم نے جو آزادکشمیر کی تعمیروترقی کیلئے کام کیا تھا وہ پھر ضائع ہو جائے گا ایسانہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کو ڈویلپمنٹ کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ میٹنگ کرنی چاہیے، میں نے 30جون تک اسمبلی میں جواب مانگا جس کا جواب ابھی تک نہیں آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں تھرڈ پارٹی ایکٹ پاس کیا گیا لیکن این ٹی ایس کو ختم نہیں کیا گیا، مسلم لیگ ن کسی منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنے۔ این ٹی ایس کو ختم کیا گیا ہے نہ اسے ختم کرنے کی کسی میں جرات ہے۔
صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے کارکنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے ، ہماری ساری توجہ پاکستان کے الیکشن پرہے ، مسلم لیگ ن کے کارکن مطمئن رہیں، پاکستان کے انتخابات کیلئے مربوط پلان تیار کیا ہے، ہر حلقے میں جہاں کسی سیاسی کارکن کا اثر رسوخ ہوگا نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا، وہاں کے امیدوار کیساتھ کوآرڈینیٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت یونیورسٹی سمیت اساتذہ و دیگر کے مسائل کو فوری حل کرے ، وزیراعظم آزادکشمیر کو چاہیے کہ وہ اپنے وزراء کو ہدایت کریں کہ وزراء مظفرآباد میں بیٹھیں اور اپنے حلقوں تک محدود نہ رہیں تاکہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔