اسلام آباد ہائیکورٹ: سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد

Published On 14 December,2023 10:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم کے خلاف جاری سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کیلئے قانونی عمل پورا نہ ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے آئندہ سماعت تک ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ رپورٹ آ جائے پھر دیکھتے ہیں، جج ٹرائل کیلئے جیل کا انتخاب کر سکتا ہے مگر وہ اوپن کورٹ ہونی چاہیے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ایف آئی اے اور سابق سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کیا ہے جبکہ عدالت نے سابق وزیراعظم کی حکم امتناع کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے چار دسمبر کو سائفر کیس کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔