سراج الحق کا انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان

Published On 17 December,2023 06:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن امن، ترقی اور خوشحالی کے منشور پر لڑے گی، 8، 8 کنال پر بنے گورنر ہاؤسز اور کمشنر ہاؤسز کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس حقیقی تبدیلی کا پیغام لیکر جائیں گے،آئندہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ، فنانشل مینجمنٹ اور فنڈز یوٹلائزیشن کو ٹھیک کریں گے، تعلیم و صحت میں ایمرجنسی نافذ کریں گے،بھکاریوں کیلئے بحالی ٹریننگ سینٹرز بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کو آزاد دیکھنا چاہتی ہے: سراج الحق

امیر جماعت اسلامی کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملک کو تباہ و برباد کر دیا، آئندہ انتخابات میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں کریں گے، جماعت اسلامی آئندہ انتخابات کیلئے50 فیصد سے زائد امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر چکی ہے، اگر شفاف انتخابات کو یقینی نہ بنایا گیا تو الیکشن نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ اس وقت ایک لاڈلے اور سپر لاڈلے کیلئے ماحول بنایا جا رہا ہے، شفاف انتخابات کیلئے عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کا غیر جانبدار ہونا ضروری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں ماحول نہ فراہم کیا گیا تو آئندہ حکومت نہیں چلے گی۔