الیکشن کمیشن انتخابات شفاف کروا کر تاریخ میں اپنا نام درج کرائے: سراج الحق

Published On 16 December,2023 05:30 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گوجرانوالہ میں خوشحال پاکستان کارواں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ملک میں عدل اور انصاف چاہتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم بچوں کے لئے تعلیم اور نوجوانوں کے لئے روزگار چاہتے ہیں، ہم ملک سے سودی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، جنہوں نے 76 سال سے ملک کو لوٹا ہم ان لٹیروں کا احتساب چاہتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی چوروں اور لٹیروں کے خلاف جہاد کر رہی ہے، ہم ہر پاکستانی کو خوبصورت گھر دینا چاہتے ہیں، ہم اس ملک میں خوبصورت کلچر چاہتے ہیں، ہم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کروانا چاہتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ان ڈاکوؤں اور لٹیروں کو چوکوں میں سزا دی جائے، ان کے پیٹ پھاڑ کر پیسہ ان کے اندر سے نکالا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کو الیکشن شیڈول دینے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے، اب الیکشن کمیشن کا چاہئے کہ 2024ء کا الیکشن شفاف کرواکر تاریخ میں اپنا نام درج کرے۔