پنجاب: مختلف ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Published On 18 December,2023 10:55 am

بہاولپور، بھکر: (دنیا نیوز) پنجاب میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولپور کے علاقے چک مراد چونا والا روڈ پر دھند کے باعث مسافر وین کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی جس میں 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر بھکر کے نواحی علاقے گوہر والا میں دھند کے باعث وین اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور 15زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے علاقے سانگلہ ہل میں فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار کوسٹر بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے میں خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں بھی تیر رفتار کار کھمبے سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع بہاولنگر میں عارفوالا روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھمبے سے ٹکرا گئی جس میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔