لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ کے لئے ہائی پروٹین "الفا الفا" چارے کی کاشت بڑھانے کے لیے اقدامات کی منظور ی دی گئی ہائی پروٹین چارے کو سائنٹیفک طریقے سے خشک کر کے محفوظ کیا جائیگا۔
اجلاس کے دوران "الفا الفا" چارے کی کاشت کے لیے فارمرز کو بیج مہیا کرنے کے لئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا، ڈیری ڈویلپمنٹ کے لئے "بریڈان سیمی نیشن" کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ڈیزیز فری کمپارٹمنٹ کے قیام کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں، لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ کے لئے مقامی سطح پرجدید ٹیکنالوجی اور مہارت کا استعمال ضروری ہے، مقامی فارمز کو ماڈل فارمنگ تکنیک کی طرف راغب کرنا ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہائی پروٹین چارے کی پیداوار بڑھانے کے لئے سرگودھا میں فوڈ ریسرچ سنٹر کو پوری طرح فعال کیا جائے، بیف اور مٹن کی ایکسپورٹ بڑھانے کا بھرپور پوٹینشل استعمال کرنے کی ضرورت ہے، متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ہائی پروٹین چارے کی ایکسپورٹ پر بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری وائلڈ لائف، سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔