فاروق ایچ نائیک نے آئندہ مخلوط حکومت بننے کا امکان ظاہر کر دیا

Published On 19 December,2023 01:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پیپلز پارٹی فاروق ایچ نائیک نے آئندہ مخلوط حکومت بننے کا امکان ظاہر کر دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے آئندہ مخلوط حکومت بنے گی، کس کی ہوگی یہ وقت بتائے گا، 8 فروری کو الیکشن ہونگے، ملک، جمہوریت، عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کیلئے اچھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبے کھلیں گے تو پتہ لگے گا کس پارٹی کو زیادہ ووٹس ملے ہیں اور کس نے سیٹیں زیادہ لی ہیں، جن کی قومی اسمبلی میں زیادہ سیٹیں ہونگی انکا وزیراعظم ہوگا، اگلا وزیراعظم ملک کی بقا، جمہوریت اور عوام کیلئے کام کرے گا تو کوئی اسکو ہاتھ نہیں لگا سکتا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ابھی تک صرف پی ٹی آئی کا مقدمہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے، دیگر تمام سیاسی جماعتیں اپنے امیدوار میدان میں لے آئے ہیں، اگر صاف اور شفاف انتخابات ہوگئے تو الیکشن کمیشن کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہر آدمی کا قانونی، آئینی اور انفرادی حق ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کو چھوڑ کر اور سیاسی جماعت میں جائے۔