اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک حج موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کر دیا گیا جس سے حج آپریشن ڈیجیٹلائز ہوگیا۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ریکارڈ مدت میں ایپلی کیشن بنالی، نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف، وزیر مذہبی امور انیق احمد نے موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کردیا، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ موبائل ایپ سے عازمین حج کیلئے تمام معلومات فنگر ٹپ پر ہوں گی۔
— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) December 20, 2023
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا، عازمین حج کیلئے پاک حج ایپلی کیشن کا اجراء اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے، عازمین حج کی درخواست، مناسک حج کی ادائیگی، واپسی تک تمام معلومات ایپ میں شامل ہیں۔
ڈاکٹرعمر سیف نے مزید بتایا کہ حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، سعودی عرب میں اپنی رہائش کے معاملات شامل ہیں، عازمین رقم کی ادائیگی، دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے، وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کے اپ گریڈیشن میں ایپلی کیشن ایک اہم قدم ہے، ایپ حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے اور عازمین کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد ملے گی۔