ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

Published On 21 December,2023 02:43 am

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ اور احمد پور شرقیہ میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

اوکاڑہ میں دو مختلف مقامات پر حادثات ہوئے جن میں دو افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے، ٹریفک کا پہلا حادثہ فیصل آباد روڈ پر ہوا، جہاں ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت ثوبیہ کے نام سے ہوئی، دوسرا حادثہ نواحی گاؤں 22 جی ڈی کے قریب ہوا جہاں پر تیز رفتار ٹرک نے 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا، حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، ریسکیو ٹیم نے لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب احمد پورشرقیہ میں جھانگڑہ انٹر چینج کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 خواتین شدید زخمی ہوئی ہیں، بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔