لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں 2600 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈز بحالی پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل انور نے سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں 105 سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ زیر التوا تھے، ایک سال سے بھی کم عرصے میں سڑکوں کے 105 پراجیکٹس کی عمدگی سے تکمیل ایک ریکارڈ ہوگا، صوبے کی 105 سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور بحالی پراجیکٹس پر تقریباً 150 ارب روپے لاگت آئے گی۔
سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بتایا کہ روڈز کے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لئے ہر ضلع اور ڈویژن میں خصوصی کمیٹی مانیٹرنگ کر رہی ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں اہم روڈز کی تعمیر کے 9 پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں، مختلف اضلاع کی 33 شاہراہیں تیزی سے زیر تکمیل ہیں جوجلد مکمل ہوجائیں گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ 39 سڑکوں کے لئے اضافی فنڈز مہیا کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، روڈز کے 6 پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صوبے میں 2600 کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت منظوری دیدی جس کے تحت مختلف اضلاع میں 105 سڑکوں کی بہترین معیار کے مطابق تعمیر ومرمت اور توسیع ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر وبحالی اور توسیع کے پراجیکٹ کی تکمیل عوام کی ناگزیر ضرورت ہے، روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ ٹریفک میں بھی روانی آئے گی۔