لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا، مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا، زیر علاج بچوں کی ماؤں سے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
اس موقع پر مریضوں اور تیمارداروں نے سی ٹی سکین کی رپورٹس تین، تین روز بعد دینے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے، شکایات کی فوری تصدیق کے بعد وزیراعلیٰ نے موقع پر ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو فون کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتال 24گھنٹے میں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس مریضوں کو دینے کے پابند ہوں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی رپورٹس تاخیر سے دینے والے ہسپتال کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہوگی، رپورٹس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، رپورٹس کی مریضوں کو بروقت فراہمی کے عمل کو ہر سطح پر مانیٹر کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں، انہوں نے اپ گریڈیشن کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔