اس بار الیکشن کا نتیجہ نوٹ کے بجائے ووٹ سے آئیگا، خالد مقبول صدیقی

Published On 29 December,2023 10:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کنوینر ایم کیو ایم اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سب کو بتا دیں اس مرتبہ الیکشن کا نتیجہ نوٹ کے بجائے ووٹ سے آئے گا۔

سرجانی ٹاؤن میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اپنے حصے کا انقلاب لا چکے ہیں، سردی میں رات کو جب اتنی تعداد میں خواتین جمع ہوں گی تو حقیقی تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ نے بنایا اب آپ ہی چلائیں گے، فتح آپ سے صرف 40 دن دور ہے، نکلیں اپنی قوم کیلئے، اپنی نسل کیلئے، اب کسی کی مجال نہیں کہ آپ کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالے۔

خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اس بار الیکٹڈ کو سلیکٹڈ کرنا ہوگا تاکہ ملک چل سکے، اب ہماری پرامن جدوجہد میں اتنی قوت ہوگی کہ کوئی طاقت اس کو نہیں روک سکے گی، بس کچھ دیر انتظار، اب سب راستے منزل کو جاتے ہیں۔