پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی پی پی میں الیکٹیبلز توقع سے کم آئے ہیں لیکن اچھے کی امید ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا قتل ایک جوڈیشل مرڈر تھا، سپریم کورٹ جلد ریفرنس پر فیصلہ سنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کسان سب سے زیادہ خوشحال ہوا، سب سے زیادہ نوکریاں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں دی گئیں، پیپلز پارٹی لیول پلیئنگ فیلڈ کے بغیر بھی الیکشن میں اچھی کارکردگی دکھا چکی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر سے نئے عزم کے ساتھ انتخابات کیلئے اترے گی، امید ہے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن غیر جانبدار رہے گا، سپریم کورٹ کے ہوتے الیکشن ضرور ہوگا، چیف جسٹس کے واضح احکامات موجود ہیں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں آئے تو پاکپتن کیلئے یونیورسٹی کا قیام یقینی بنائیں گے، مولانا فضل الرحمان سے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے رابطے میں ہیں۔