لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نہیں چاہتی بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان نہ ہو۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ن لیگ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک عوامی مینڈیٹ اور ووٹ کی طاقت سے چلے گا، ہم چاہتے ہیں کہ بلا ہمارے سامنے ہو، بانی پی ٹی آئی صاحب آپ فیڈر میں دودھ نہیں پیتے، جب آپ حلقے سے باہر کے لوگ لائیں گے تو کاغذ مسترد ہی ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چند ارب ڈالر ادھار پر مانگے گئے پیسے رکھ کر گزارا کررہے ہیں، پی ٹی آئی والوں سے پوچھیں انہیں کس حکیم نے مشورہ دیا تھا کہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیں، ان سے پوچھیں کہ کس نے مشورہ دیا تھا کہ2صوبائی اسمبلیاں توڑیں، ان سے پوچھیں کہ کس نے مشورہ دیا تھا کہ 9مئی کے واقعات کریں، بانی پی ٹی آئی کا آتش انتقام اور حسد ان کو لے ڈوبا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھتے تھے یہ تبدیلی لائیں گے، وہ تبدیلی کے نام پر فراڈ تھا، ان کے پونے چار سال میں 1 میگاواٹ بجلی کا اضافہ نہیں ہوا، مسلم لیگ ن نے لوڈشیڈنگ ختم کی اور آئی ایم ایف کو خیر باد کہا، ہم نے ریلوے کو سیدھا کیا، موٹرویز بنائیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ابھی ہم راستے میں تھے کہ چند لوگوں کی نظر لگ گئی، ایک چور جیل چلا گیا ہے اور باقی گھروں میں چلے گئے ہیں، یہ تاریخ کے کٹہرے میں مجرم بن کر کھڑے رہیں گے، 2018ء میں آرٹی ایس بیٹھا کر نتائج بدلے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کھنڈر بنا دیا، مسلم لیگ( ن) کے کام بولتے ہیں، جدید پاکستان کی تعمیر کرنے والا نوازشریف ہے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں سےملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا، نوازشریف اور شہباز شریف نے ملک کو مضبوط کیا،مسلم لیگ (ن) نے ملک میں موٹروے، سڑکوں کے جال بچھائے۔