این اے 89 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کا تفصیلی فیصلہ جاری

Published On 31 December,2023 09:12 pm

میانوالی: (دنیا نیوز) این اے 89 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا۔

ریٹرننگ آفیسر محمد کفایت اللہ کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا کہ کاغذات پر اعتراضات امیدوار خرم حمید اور ووٹر خلیل الرحمان کی جانب سے دائر کئے گئے، جس میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں، کاغذات نامزدگی پر دستخط جعلی ہیں۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق بانی پی ٹی آئی سوشل سکیورٹی کے 36 لاکھ 88 ہزار 680 روپے کے نادہندہ ہیں، ریکارڈ کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ وکلاء نے واجبات ادائیگی کا تحریری سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا، عدالت سے تین سال کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے پانچ سال کے لئے نااہل قرار دیا۔