کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے زیر انتظام اور پاک بحریہ کے تعاون سے بارہویں باراکوڈا مشق کا کراچی میں آغاز ہو گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، مشق میں شریک ممالک کی تقریب پرچم کشائی ہیڈ کوارٹرز پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر یادگار شہداء پر پھول بھی پیش کیے گئے، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی احمد عرفان اسلم تقریب کے مہمان خصوصی تھے، شرکاء کو مشق کے مقاصد اور مختلف پہلوؤں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کا مقصد سمندری جہازوں سے تیل بہنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اور سمندر میں تیل بہنے کی وجہ سے آبی حیات اور ماحول کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے نیشنل سٹیک ہولڈرز کی باہمی کوآرڈی نیشن کو بہتر بنانا ہے۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ مشق کی افتتاحی تقریب میں سول و ملٹری حکام کے ساتھ نیشنل میری ٹائم سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔