پاک چین بحری افواج کی مشق سی گارڈین 2023ء کا دوسرا مرحلہ کل شروع ہوگا

Published On 13 November,2023 09:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک چین بحری افواج کے مابین دو طرفہ مشق سی گارڈین 2023ء کا دوسرا مرحلہ منگل سے شروع ہو گا۔

مشق سی گارڈین 2023 کے حوالے سے پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک اور چینی بحریہ کے سینئر کیپٹن چی جیان نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

کموڈور عاصم سہیل ملک نے بتایا کہ مشق سی گارڈین کا آغاز 2014ء میں کیا گیا، مشق سی گارڈین 2023 دو مراحل پر مشتمل ہے جس میں ہاربر اور سی فیز شامل ہیں، ہاربر فیز کے دوران دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ورکشاپس سیمینارز اور مباحثے منعقد کیے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مشق کے سی فیز کا آغاز 14 نومبر سے پاکستان کی سمندری حدود میں ہوگا، مشق کے سی فیز کے دوران دونوں ممالک کی افواج اپنی حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی جن میں میری ٹائم سکیورٹی اورسرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز شامل ہیں۔

سینئر کیپٹن چی جیان نے کہا کہ یہ مشق سمندر میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل طریقہ کار اور حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے میں مفید ثابت ہو گی، مشق سی گارڈین دونوں بحری افواج کے مابین باہمی دفاعی تعاون کو فروغ دے گی۔