لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سابق وزیراعظم نے ایڈمرل نوید اشرف کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بحریہ پاکستان کی مسلح افواج کا ایک طاقتور اور اہم حصہ ہے جس کا شاندار ماضی اور تابناک مستقبل ہے، دعا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ مزید مضبوط ہو۔
صدر مسلم لیگ ن نے پاک بحریہ اور ملک کیلئے خدمات پر سبکدوش ہونے والے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
راجہ پرویز اشرف
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ایڈمرل نوید اشرف ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور قابل آفیسر ہیں، ان کی سربراہی میں پاک بحریہ مزید مضبوط فورس بن کر ابھرے گی، پاک بحریہ پاکستان کی بری اور فضائی فورسز کی مانند افواج پاکستان کا کلیدی جزو ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، جس کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے، پاک بحریہ نے ہمیشہ پاکستان کی سمندری حدود کی بہترین انداز میں حفاظت کی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی خدمات کو بھی سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔