پاک بحریہ کے زیر انتظام چوتھے انٹرنیشنل ناٹیکل مقابلوں کا آغاز

Published On 31 October,2023 05:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے زیر انتظام چوتھے انٹرنیشنل ناٹیکل مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایونٹ کی افتتاحی تقریب پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ میں منعقد ہوئی، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ایونٹ 31 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گا، چار روزہ ایونٹ میں کشتی رانی، تیراکی، سمندر میں جان بچانے اور سی مین شپ کے مقابلے شامل ہیں۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق مقابلوں میں پاکستان سمیت آذربائیجان، چین، انڈونیشیا، اٹلی، سعودی عرب، عمان اور ترکیہ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، مقابلوں کا مقصد شریک ممالک کے زیرتربیت افسروں میں سمندر سے متعلقہ قدیم پیشہ ورانہ مہارتوں کا فروغ ہے، مقابلوں سے ایک دوسرے کے تجربات کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔