اسلام آباد ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر، متعدد تاخیر کا شکار

Published On 02 January,2024 10:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا، اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی اور آمد والی زیادہ تر پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

پی آئی اے کے مطابق رات سے اب تک تقریباً تمام پروازوں کو تاخیر کا سامنا رہا، قومی ایئرلائن کی پی کے 182 شارجہ سے اسلام آباد کی پرواز پشاور کی طرف موڑ دی گئی، پی کے 134 دبئی سے اسلام آباد کی پرواز لاہور اتار لی گئی، پرواز پی کے 179 دبئی روانہ نہ ہوسکی۔

پی آئی اے کے مطابق پی کے 181 کی اسلام آباد سے شارجہ روانگی میں تاخیر ہوئی، اسلام آباد سے کوئٹہ روانگی کی پرواز پی کے 325 بھی تاخیر کا شکارہوئی، کراچی سے لاہور، کراچی سے اسلام آباد، لاہور سے کراچی اور اسلام آباد سے کراچی کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق نجی کمپنی سرین ایئر لائن کی پرواز رات بارہ بجے شارجہ کے لئے تاحال روانہ نہ ہوسکی، ایئرپورٹ پر دھند کی صورتحال بہتر ہونے پر پروازوں کا شیڈول بحال ہو جائے گا، مسافر ایئرپورٹ آمد سے قبل ہیلپ لائن سے پروازوں کی آمد اور روانگی کنفرم کریں۔