تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی براہ راست سماعت شروع

Published On 04 January,2024 09:21 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی براہ راست سماعت شروع ہو گئی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

لارجر بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان شامل ہیں جبکہ جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بنچ کا حصہ ہیں۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آ گئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی نے سوال کیاکہ عزیر بھنڈاری کہاں ہیں؟ اس موقع پر عزیر بھنڈاری ایڈووکیٹ بھی روسٹرم پر آ گئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ ہم نے 3 عدالتی معاونین مقرر کیے تھے، ریما عمر نے اپنا تحریری جواب بھیجوایا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کے وکلاء عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے جبکہ آج کی سماعت کیلئے عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔