اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ میں پاکستانی سفیروں کی 3 روزہ کانفرنس آج سے شروع ہو رہی ہے جو 6 جنوری تک جاری رہے گی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں اہم دارالحکومتوں سے پاکستانی سفیر مدعو کیے گئے ہیں، کانفرنس کا آغاز وزیر خارجہ کی تقریر سے ہو گا، وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس ملکی خارجہ پالیسی پر مختلف خطوں، ممالک و دنیا سے دو طرفہ تعلقات پر غور کے بعد تجاویز دے گی، پاکستانی سفیروں کی کانفرنس پاکستانی خارجہ پالیسی کے حوالے سے باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہوتی ہے۔
وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کانفرنس میں خطے اور دنیا کے تازہ ترین حالات کو مد نظر رکھ کر مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوتی ہے۔