اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر تشویش ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 166 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے، پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ رواں ہفتے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کا ایک روزہ دورہ کیا اور امیر کویت کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔