غزہ: حماس کا حملہ، سرنگ میں داخل ہونے والے 5 اسرائیلی فوجی مارے گئے

Published On 21 December,2023 06:37 am

غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ کی پٹی میں حماس کے جنگجوؤں نے حملہ کر کے سرنگ میں داخل ہونے والے 5 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران اسرائیل کی 41 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ اسرائیلی فوج کی سپلائی لائن اور ٹینکوں کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، تازہ حملوں کے بعد ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 138 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی بربریت کی انتہا، ایک روز میں 100 فلسطینی شہید

القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی فورسز پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حماس کے جنگجوؤں نے غزہ میں صہیونی فورسز پر حملوں کے دوران ٹینکوں کو نشانہ بنایا، ٹینکوں کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب یمن کے حوثی رہنما نے اسرائیل کی مدد کیلئے پہنچنے والے امریکی جنگی جہازوں پر حملے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کو نشانہ بنایا تو وہ بحیرہ احمر میں امریکا کے جنگی جہازوں پر حملے کر دیں گے۔

حوثی رہنما نے مزید کہا کہ امریکا کو افغانستان اور ویتنام میں جو کچھ برداشت کرنا پڑا اب اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکیوں کو مزید کشیدگی پیدا کرنے یا ہمارے خلاف جنگ چھیڑنے کی حماقت کی ترغیب دی گئی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔