پیپلز پارٹی کا انتخابات کے التوا کی قرارداد کی حمایت پر سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز نوٹس

Published On 05 January,2024 08:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کے التوا کی قرارداد کی حمایت پر سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

پیپلز پارٹی نے سینیٹر بہرہ مند تنگی سے 7 دن کے اندر جواب طلب کر لیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے دلاور خان کی قرارداد کی حمایت کی جو کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قرارداد پر خاموشی کا تاثر غلط، میں نے اور گردیپ سنگھ نے مخالفت کی: بہرامند تنگی

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو معلوم تھا پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کی دی ہوئی تاریخ 8 فروری کو ہی انتخابات چاہتی ہے، آپ نے پارٹی قیادت کی ہدایات اور پالیسی کیخلاف قرارداد کے حق میں سینیٹ کے فلور پر تقریر بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کے التوا کی قرارداد کیخلاف اور بروقت انعقاد کیلئے نئی قرارداد سینیٹ میں جمع

شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں، کیوں نہ آپ کے خلاف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے۔

شوکاز نوٹس سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کی جانب سے آصف علی زرداری کی ہدایت پر بھیجا گیا ہے۔