آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم اپنا مینڈیٹ سود سمیت واپس لے گی: ڈاکٹر فاروق ستار

Published On 06 January,2024 02:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج ہمارے شہر کے علاقوں کی حالت دیہات سے بدتر ہے، کراچی پر مصنوعی نمائندوں کو مسلط کیا گیا، گزشتہ عام انتخابات میں شہر کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں اپنا مینڈیٹ سود سمیت واپس لے گی۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سرجانی کا جوش و خروش دیکھ کر الیکشن سے پہلے نتیجہ آچکا ہے، یہاں پتنگ کی پرواز سب سے اونچی ہے، آپ کی جیت دیکھ کر سندھ کے متعصب حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، 8 فروری کا سورج ایم کیو ایم کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا، متحدہ و منظم ایم کیو ایم پورے ملک میں مظلوموں کی ترجمان ہے۔

سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ سرجانی کی آبادی ایک ڈسٹرکٹ جتنی بڑی ہے، اورنگی اور بلدیہ کی طرح سرجانی ٹاؤن میں بھی ایک جنرل ہسپتال ہونا چاہیے، سرجانی کے لوگوں کو بنیادی سہولیات دینا ایم کیو ایم کا نصب العین ہے، لاہور میں اورینج لائن اور ہمارے پاس عام ٹرین بھی نہیں، یہ اب نہیں چلے گا، ہم نے اپنے انتخابی منشور کو مکمل ضلعی خود مختاری سے منسلک کر دیا۔

انہوں نے کہا ہے تعلیم، صحت، بلدیات اور بنیادی سہولیات کا نظام منتخب مقامی حکومت کے نمائندے کے پاس ہونا چاہیے، یہ کراچی نہیں لاڑکانہ، نوابشاہ، دادو، سکھر، بدین، گھوٹکی اور سجاول کا بھی مسئلہ ہے، یہ تب ہی ممکن ہوگا جب شرکتی اور شمولیتی حکومت ہو گی۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی 4 ہزار ارب سے زائد ٹیکس ادا کرتا ہے، اس کے بدلے کراچی کو 40 ارب کی خیرات ملتی ہے، اگر کراچی کی آبادی ملک کا دس فیصد ہے تو 400 ارب کراچی کا حق ہے، اگر پانچ سال تک یہ ملتے رہے تو ہم مالی خود کفیل ہو جائیں گے۔