اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیول پلیئنگ فیلڈ ، سپریم کورٹ توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ فراہم کرنے کے الزامات مسترد کر دئیے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست کو جرمانے کے ساتھ مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا لاپتہ افراد کمیشن کو 10 روز میں تفصیلات جمع کرانے کا حکم
اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی گئی، ملاقات میں تحریک انصاف کو بلا تفریق لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں، 26 دسمبر تک تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں، تحریک انصاف کی شکایات پر اقدامات، ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کر دی گئیں۔
تحریک انصاف کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکرٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کرائیں، الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین و سینیٹ ارکان کیخلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کے مطابق تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے 843 میں سے 598 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے، تحریک انصاف کے 245 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔
صوبائی اسمبلیوں کیلئے 1777 میں 1398 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے، صوبائی اسمبلیوں کیلئے تحریک انصاف کے 379 کاغذات مسترد کئے گئے، تحریک انصاف کے امیدواران کے 76.18 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔