لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
خیال رہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے صنم جاوید کے حلقہ این اے 119، این اے 120 اور پی پی 150 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔
ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 119 اور 120 سے کاغذات جمع کروائے تھے، انہوں نے مریم نواز کے مقابلے میں بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔