باجوڑ : (دنیانیوز) خیبر پختون خوا کے شمالی ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند بیلوٹ میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید جبکہ 22 زخمی ہوگئے ہیں ۔
پولیس کے مطابق دھماکہ تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش پولیس گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید اور 22 زخمی ہو ئے ہیں ، دھماکے میں شہدااور زخمی سب پولیس اہلکار ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا ، دھماکے کے بعد خار کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے ۔
ریسکیوکی جانب سے مقتولین کی لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مذمت
نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے باجوڑ میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے ، وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔
پولیومہم کے رضا کاروں کی حفاظت کرنیوالے اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت ہے : بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باجوڑ میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے رضا کاروں کی حفاظت کرنے والے پولیس اہلکاروں پر بم حملہ قابل مذمت ہے، قوم کے بچوں کو پولیو جیسے مرض سے محفوظ رکھنے والے رضا کار قومی ہیروز ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا رہی ہے، باجوڑ واقعے میں ملوث دہشت گرد اور ان کے سہولت کار قوم کے دشمن ہیں ، انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی مذمت
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی پولیو کے خاتمے کیلئے رضاکاروں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے، انہوں نےکہا کہ خیبرپختونخوا کی بہادر پولیس پرقوم کو فخر ہے۔
سابق صدر نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔