پی ٹی آئی کو انتخابی خلاف ورزیوں کے باوجود بلے کا نشان دینا حیران کن ہے: محمود مولوی

Published On 10 January,2024 10:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی پی پی سندھ کے صدر محمود مولوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے باوجود بلے کا نشان دینے کا فیصلہ حیران کن ہے۔

محمود مولوی نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی قرار دے چکی ہے کہ ایسے فیصلے ہائیکورٹس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، ایک ہائیکورٹ کی جانب سے پورے ملک میں بلے کا نشان مخصوص پارٹی کو دینا سوالیہ نشان ہے، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالتوں میں اب بھی ایک پارٹی سے وابستہ جج موجود ہیں۔

صدر آئی پی پی سندھ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث دہشتگردوں کو بھی مخصوص جج مسلسل ریلیف دیئے جا رہے ہیں، ایک ہی عدالت سے اب تک 116 مقدمات میں ملوث سیاسی دہشت گردوں کو ریلیف دیا جا چکا ہے، جانبدارانہ اور من پسند فیصلے عدالتوں پرعوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔

محمود مولوی نے مزید کہا کہ نچلی عدالتوں کی جانب سے ایسے فیصلوں سے قومی سلامتی کے معاملات متاثر ہوں گے۔