کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں ہم خیال جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں ایم کیوایم نے کراچی میں 10 صوبائی حلقوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 5 نشستیں اتحادی جماعتوں کو دینے پر بھی اتفاق کیا ہے، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ کی صوبائی نشستوں پر متحدہ قومی موومنٹ امیدوار نامزد کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی سے قومی اسمبلی کے امیدوار فائنل کر لیے
سکھر، نواب شاہ، میرپور خاص کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہوں گے، کراچی کے حلقہ این اے 242 پر شہباز شریف امیدوار ہوں گے اس کا تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
قبل ازیں سندھ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں، اتحادیوں سے مشاورت پر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں رانا مشہود، بشیرمیمن کھیئل داس، کوہستانی، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر اور ناصرالدین محمود نے شرکت کی۔
اجلاس میں اتحادیوں کی تجاویز اور مشاورت پر غور کیا گیا، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اتحادیوں اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے فیصلوں پر اتفاق ہوا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ سندھ میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔