اسلام آباد: (دنیا نیوز/ویب ڈیسک ) نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے ،الیکشن کمیشن اپنے مؤقف پر کھڑا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو سہولتوں کی فراہمی نگراں حکومت کی ذمے داری ہے، ووٹرزکی لائنیں نظرآئیں گی،سکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں اور ہمیں ان کا ادراک ہے انہیں بہتر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں، ملک کےمستقبل پرسیاست نہیں ہونی چاہیے ،کوئی کہتا ہےمفت بجلی اورتعلیم دوں گا،کوئی کہتا ہے تنخواہیں بڑھادوں گا،چیپ ٹاک ہمارے مسائل کاحل نہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایسےوعدے اور منشورنہ پیش کریں جس پرعمل ہی نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت آئینی اور قانونی حکومت ہے، آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ صرف بات چیت ہمارے مسائل کا حل نہیں، ہمیں تلخ مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔