اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، نگران وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کیخلاف ریاست کے ردعمل میں اتنی ہی شدت آئے گی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے انسداد پولیو کوششوں میں افواج، پولیس، پولیو ورکرز کے کردار کو سراہا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 227 ڈیلی ویجز اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی گئی، وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی بھی منظوری دیدی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت
نوتشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے، اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی زیر تعمیر نئی عمارت میں فیڈرل کورٹس، ٹربیونلز منتقلی کی بھی منظوری دیدی گئی۔
کابینہ اجلاس میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی زیر تعمیر عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دی گئی، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی، چیف ایگزیکٹو لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی سمری پر بھی غور کیا گیا، کابینہ نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات ہونا چاہئے، وزیراعظم
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024ء کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو ارسال کر دیا گیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15،13اور 20 دسمبر کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔