پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان بلے کی بحالی کے معاملے پر پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کا خصوصی دو رکنی بینچ آج بروز جمعہ کو پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا، تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز عدالت عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی، پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی انتخابی نشان بلے کو بحال کیا تھا۔
یاد رہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے کی بحالی کے معاملے پر عدالتی احکامات کے باوجود عمل نہ کیے جانے پر پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور ارکان الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن کمیشن نے ابھی تک پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ جاری کیا اور نہ ہی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر پارٹی سرٹیفکیٹ شائع ہوا ہے، الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے سے باخبر ہے اس کے باوجود شائع نہیں کیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود فریقین پی ٹی آئی کے عام انتخابات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا کارروائی کی جائے۔