اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کے انتخابی نشانات کی تبدیلی کے معاملہ پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف حلقوں میں انتخابی نشانات کی تبدیلی کے حوالے سے آنے والی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں متعلقہ حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع ہوگیا ہے، اجلاس میں انتخابی نشانات تبدیل کرنے سے متعلق ہائی کورٹس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہائیکورٹس سے نشانات تبدیل ہوئے تو الیکشن کمیشن متعلقہ حلقوں میں انتخابات ملتوی کرسکتا ہے، فی الحال تمام ڈی آر اوز کو انتخابی نشانات تبدیل کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اگر انتخابی نشان تبدیل کرنا مقصود ہو تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔