لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی تو غربت اور مہنگائی میں کمی ہوگی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوام کو اپنے ایجنڈے کے بارے میں بتایا ہے، بجلی کے نرخوں میں277 فیصد اضافہ ہوا، پٹرول کی قیمت میں 95 فیصد اضافہ ہوا، گھر کے اخراجات 70 ہزار روپے ماہانہ تک پہنچ گئے ہیں، ہمارے منصوبوں سے بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے گی، بچوں کو مفت تعلیم،غریبوں کو مالکانہ حقوق پر مکان بنا کر دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں 9 کروڑ 30 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، عوام کیلئے منشور میں کئی منصوبے لے کر آ رہے ہیں، انویسٹمنٹ اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر کام کررہے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی عالمی سطح پر تعریف کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام ساتھ دیں تو ملک کا نوجوان وزیراعظم بنوں گا : بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پی ایس ڈی پی کے سٹریکچر کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بڑھایا جائے گا، مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی عوام کا حق ہے، متبادل توانائی منصوبوں پر کام کریں گے، سولر انرجی کے ذریعے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کریں گے، ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کریں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے منصوبوں سے بیروزگاری میں کمی آئے گی، ملک بھر میں کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، کچے کے لوگ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں، کچے کی خواتین کو بھی مالکانہ حقوق دلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ گھر لینا بہت مشکل ہو چکا ہے، نوجوانوں کو قرض فراہم کریں گے، وسیلہ حق، وسیلہ تعلیم، وسیلہ صحت پروگرام میں بلاسود قرض دیں گے، چھوٹے کسانوں، ہاریوں کی رجسٹریشن کرا کر ہاری کارڈ دلوائیں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ میں مفت صحت کے ادارے بنائے ہیں، کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا، کسانوں کو گروپ انشورنس سے سہولت دینا چاہتے ہیں، ہم پورے پاکستان میں فری ادویات اور علاج فراہم کریں گے، کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، سیلاب کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: نام نہاد سیاسی مخالفین اکٹھے بھی ہوجائیں ہمیں شکست نہیں دے سکتے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عوامی منصوبے ہمارے منشور کا حصہ ہیں، روزگار کی فراہمی کیلئے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا، ہماری حکومت ہر سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے گی۔