کوٹہ سسٹم کے نام پر میرٹ کا قتل ہورہا، میٹرک نتائج کیخلاف احتجاج کریں گے، فاروق ستار

Published On 17 January,2024 05:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے نام پر میرٹ کا قتل کیا جارہا ہے، میٹرک کے نتائج کے خلاف احتجاج کریں گے۔

ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 70ء سے کوٹہ سسٹم چل رہا ہے، سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں میں یہ کوٹہ سسٹم ہے، اربن سندھ کی پانچ لاکھ سے زائد نوکریوں کا حق مارا گیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں دی گئی ہیں، اب اس کی نئی شکل سامنے آئی ہے، میٹرک امتحانات کے نتائج آئے ہیں، کراچی بورڈ کے بچوں کو ہٹ کیا گیا ہے، چار لاکھ بچوں کو بری طرح سے منصوبے کے تحت فیل کیا گیا، انتخابی مہم اپنی جگہ، اپنے بچوں کے مستقبل سے کیسے غافل ہو سکتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ 45 سے 50 فیصد بچوں کو فیل کردیا گیا، کیا ایک سال میں معیار تعلیم اتنا نیچے چلا گیا؟ کیا بچوں نے پڑھنا چھوڑ دیا؟ میٹرک بورڈ کے کرپٹ افسروں نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو تاریک کر دیا ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ ہمیں پیغام دیا گیا ہے کہ تمہاری ایسی کی تیسی، سندھ کی بیوروکریسی، میٹرک بورڈ کے افسروں نے ظلم و نا انصافی کا پہاڑ توڑا ہے، ہمارا ایک ایک کارکن اسکی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ انٹر بورڈ میں ایک لاکھ دس ہزار کے قریب بچے امتحان میں بیٹھے اور 70 ہزار بچوں کو فیل کر دیا گیا، 85 فیصد سے 50 فیصد تک نتائج کا گراف گرایا گیا، یہ کیسے اس کا تصور کیا جا سکتا ہے، واضح طور پر میرٹ کا قتل کیا گیا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے انٹر اور میٹرک بورڈ کے باہر بھی مظاہرے کریں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ یہ نفرت کا ایک نیا بیج بویا گیا ہے، اس معاملے کا نوٹس آرمی چیف بھی لیں، کراچی میں عدم استحکام کا مطلب پاکستان میں عدم استحکام ہے۔