اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنیوالی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ شروع کردی۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) ذرائع کے مطابق مغربی سرحدوں پر فضا میں ہونے والی ہر سرگرمی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور پاکستانی حدود میں مغرب سے آنے والی تمام پروازوں سے متعلق الرٹ رہنے اور پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایات کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ائیرٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس سے پہلے مغرب کی طرف سے پاکستان آنے والی پروازوں کی مانیٹرنگ نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے کھلی ہے ، اے ٹی سی کو ایران کے لیے فضائی حدود کی بندش سے متعلق ہدایت نہیں ملی ہیں اور ایران پاکستان کے درمیان کمرشل پروازوں کی بندش کی بھی کوئی ہدایت نہیں۔
پاکستان نے بلوچستان پر حملے کے جواب میں آپریشن مرگ بر ، سرمچار کے ذریعے ایران کو واضح جواب دیا ہے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔
پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔