ایران کی جانب سے فوری اقدام نہ کرنے پر جوابی کارروائی کی گئی: دفتر خارجہ

Published On 18 January,2024 12:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے فوری اقدام نہ کرنے پر آج پاکستان نے جوابی کارروائی کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آج صبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی، انٹیلی جنس آپریشن میں متعدد دہشتگرد مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے فوری اقدام نہ کرنے پر جوابی کارروائی کی، دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر مبنی آپریشن کا نام ’مرگ بر سرمچار‘ تھا، پاکستان نے انتہائی منظم اور مہارت سے دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنایا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ ایران کی سلامتی اور خودمختاری کا مکمل احترام کرتے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل پاسداری کرتا ہے، ایران ہمارا پڑوسی برادر ملک ہے، پاکستان تمام ممالک سے بہترین تعلقات کا خواہشمند ہے، پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی جوابی کارروائی: ایران میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر حملے، متعدد ہلاک

انہوں نے کہا کہ کئی سال سے ایران کو دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہوں سے متعلق آگاہ کر رہے ہیں، آج کا ایکشن مصدقہ اطلاعات کی روشنی میں کیا گیا، ’سرمچار‘ پاکستان میں کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سے 3 گھنٹے کے دوران کوئی سفارتی رابطہ نہیں ہوا، ایران کے حملے سے متعلق معلومات جلد شیئرکی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، کسی تیسرے فریق کی جانب سے مصالحت کی کوششوں کا علم نہیں، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید بتایا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیووس کا دورہ مختصر کر دیا اور وہ آج پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔