واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان کے علاقے بلوچستان میں ایران کی جانب سے میزائل حملہ کیے جانے پر امریکا کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان کی حدود میں ایران کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے تین ہمسائیہ ممالک کی خود مختار سرحدوں کی خلاف ورزی کی۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ایران خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سپانسر ہے، اس کی وجہ سے امریکی فوج عراق میں موجود ہے، ایران اپنے ملک میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا دعویدار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ایران کی جانب سے فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئیں، پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، حملے کی شدید مذمت کی
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ حملے کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، تشویشناک بات ہے کہ یہ غیر قانونی عمل پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز کے موجود ہونے کے باوجود ہوا ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سفیر کو بھی فی الحال پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔