لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھندکا راج برقرار، موٹرویز بند

Published On 19 January,2024 08:51 am

لاہور: (دنیانیوز) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹرویز سید عمران احمد کےمطابق دُھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے ، موٹروےایم ٹو، ایم تھری، ایم فائیو سمیت ایم الیون بھی دُھند کے باعث بند ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔

ترجمان نے کہا کہ دھند کے موسم میں صبح 10 سے شام 6 بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند میں تیز رفتاری سے پرہیز کیا جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے، شہری معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔