لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سمیت ملک کی میدانی علاقوں میں شدید دھند برقرار ہے، حد نگاہ کم ہونے کے وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے پشاور اسلام آباد موٹروے کو صوابی سے رشکئی اور پشاور ٹول پلازہ، ایم 2 کو بلکسر سے کوٹ مومن، ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں، ایم 3 کو فیض پور انٹرچینج سے درخانہ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ایم 4 کو شور کوٹ انٹرچینج سے عبدالحکیم انٹرچینج اور پنڈی بھٹیاں انٹرچینج سے شیر شاہ انٹرچینج، ایم 5 کو اوچ شریف انٹرچینج سے رحیم یار خان انٹرچینج اور روہڑی ٹول پلازہ سے گڈو انٹرچینج، ایم 11 کو کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال ٹول پلازہ اور ایم 14 کو کوٹ بیلیاں کھڑپہ تک بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔