ٹورنٹو: (دنیا نیوز) کینیڈا میں سردی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، خون جما دینے والے سرد موسم نے بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر کر دیا۔
کینیڈا کا صوبہ البرٹا سب سے زیادہ سردی کی لپیٹ میں رہا جہاں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے الیکٹریکل ہیٹر کا استعمال بڑھ گیا، بجلی کے زیادہ استعمال کے باعث سپلائی کا لوڈ بڑھنے سے متعدد گرڈ سٹیشن بند ہو گئے، بجلی کی بندش سے سیکڑوں گھروں میں اندھیرا چھا گیا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں شدید برف باری اور طوفانی بارشیں، معمولات زندگی بری طرح متاثر
کیلگری شہر میں برفباری کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے درجنوں حادثات رپورٹ کیے گئے، شہر بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام اور ائیر پورٹ پر پروازیں متاثر ہوئی ہیں، شہر کے کچھ سکول آئندہ چند روز کیلئے بند کر دیئے گئے، حکومت کی جانب سے سیکڑوں بے گھر افراد کیلئے شیلٹر ہومز کھول دیئے گئے۔